مہوش حیات ہولی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کے شو میں جلوہ گر ہوں گی
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی نامور اداکارہ اور تمغہ امیتاز اپنے نام کرانے والی مہوش حیات بہت جلد بی بی سی کے ایک شو میں جلوہ گر ہونگی جس کی پروڈکشن کوئی اور نہیں ، ہولی وڈ کی کامیاب اداکارہ اینجلینا جولی کررہی ہیں۔مہوش حیات نے اس خبر کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مرد و خواتین کے برابر معاوضے پر بات کرتی نظر آئیں۔ویڈیو میں انہوں نے سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کرنے پر بھی بات کی اور اس کی اہمیت بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں اداکار اور اداکاراؤں کو برابر معاوضہ دیا جائے تاکہ ان کی برابر عزت بھی ہو۔مہوش حیات کے مطابق اگر سوشل میڈیا کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور لوگوں کو اس کے ذریعے آگے بڑھنے میں مدد بھی ملے گی۔انہوں نے فلموں میں اپنے کرداروں کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ جس قسم کے کردار میں نے فلموں میں ادا کیے وہ دقیانوسی تصورات کے خلاف ہوتے ہیں۔