ترقی و خوشحالی کے لیے سودی معیشت سے چھٹکارا پہلی شرط ہے ، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ : امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ ترقی وخوشحالی اور اسلامی حکومت کے قیام کیلئے آئی ایم ایف،ورلڈ بنک اور سودی معیشت سے چھٹکاراپہلی شرط ہے لوٹ مار ختم کرکے وسائل عوام کی حالت بدلنے پر خرچ کیا جائے حکومت لوٹ مار کرنے والوں کے نرغے میں ہے خود انصاری کیلئے غلامی سے نجات وقت کی اہم ضرورت ہے۔بلوچستان کے عوام ویانت دار دین دار قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ لوٹ مار کرنے والی پارٹیاں مفادات کی ناکام سیاست کر رہی ہیں۔ حکومت واپوزیشن جماعتوں کوعوام اوربلوچستان کے مفادات سے کوئی غرض نہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو نوکریاں چاہییں۔عوام کو انصاف،عدل ومنصفانہ اسلامی حکومت چاہیے حکومت واپوزیشن نے بلوچستان کے مظلوم عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔بلوچستان کے عوام کیلئے کوئی میگاپراجیکٹ نہیں۔ نظام کی تبدیلی کے لیے قوم کو متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہو گا۔ تمام جماعتیں ایکسپوز ہو گئیں اب قوم جماعت اسلامی کو موقع دے۔ ووٹ عوام کے پاس ایک امانت ہے، اللہ کا واضح حکم ہے کہ اہل لوگوں کو اقتدار کے لیے منتخب کرو۔ جب ووٹ کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام کے محافظوں کو ملے گا تو پھر یہی ظالمانہ نظام ہم پر مسلط رہے گا۔ ہمارے فیصلے ہمارے ہاتھ میں ہیں۔آئیے عہد کریں کہ ملک کا نظام خلافتِ راشدہ کے اصولوں پر چلانے کے لیے جدوجہد کریں گے۔ ربیع الاوّل کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا مہینہ ہے۔ حضورؐ پوری کائنات کے لیے رحمت بن آئے۔ پوری انسانیت کو اس مہینے کی مبارک باد دیتا ہوں۔ عشقِ مصطفیؐ کا تقاضا ہے کہ نظام مصطفی ؐکے لیے جدوجہد کرتے ہوئے پیغام مصطفیؐ کو عام کیا جائے۔ ملک کو قرآن و سنت کے نظام کی ضرورت ہے۔ نام نہاد جمہوری حکومتیں اور مارشل لاز کے ادوار نے ملک کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کارکنان جماعت اسلامی قرآن و سنت کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں۔ اگر ہم اللہ پر اعتماد اور بھروسہ کرتے ہوئے محنت جاری رکھیں گے، تواللہ کا وعدہ ہے کہ وہ ہمیں دنیا و آخرت میں سرخروئی دے گا۔



