بھارت ، کسان مظاہرے ،راہول کا آج لکھیم پوردورہ کاعلان
لکھنو : لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو گاڑی تلے کچل کر مارنے کیخلاف بھارت بھر میں اشتعال بڑھنے لگا،بھارت کے متعدد شہروں میں مظاہرے جاری ہیں،کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے آج اترپردیش میں متاثرین سے ملاقات کیلئے جانے کا اعلان کردیا۔لکھیم پور میں بدستور کشیدگی ہے ،مرنیوالے تین کسانوں کی لکھیم پور میں آخری رسومات اداکردی گئیں،کسانوں کا مظاہرہ بھی جاری ہے ،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا جس میں کہاگیاہے کہ مرکزی وزیر کے بیٹے اشیش مشرا نے کسانوں کو گاڑی تلے کچلااور فائرنگ بھی کی ،منگل کی صبح ریاست چھتیس گڑھ کے وزیر اعلٰی بھپیش بھاگل متاثرین سے ملاقات کیلئے لکھنو ایئر پورٹ پر پہنچے تو حکام نے انہیں باہر نکلنے سے روک دیا جس پر وزیر اعلیٰ نے ایئر پورٹ پر ہی دھرنا دیدیا،آخرکار انہیں واپس دہلی جانا پڑا،یوپی کی بی جے پی حکومت نے راہول گاندھی کی بہن پریانکاگاندھی کی نظربندی کو ختم کرکے انہیں گرفتار کرلیا،جس پر پریانکا گاندھی نے بتایاکہ مجھے سیتاپور کے تھانے میں غیرقانونی طورپر رکھاگیاہے ،نہ مجھے آیف آئی آر دکھائی گئی ،میرے ساتھ بدسلوکی کی گئی ۔تھانے میں گرفتاری کے دوران انہوں نے متاثرین کے اہلخانہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرلی۔دوسری جانب کانگریس کے رہنما سدھو نے کہاکہ اگر یوپی حکومت نے کل تک مرکزی وزیر کے ملزم بیٹے کو گرفتارنہ کیا اور پریانکا گاندھی کو نہ رہا کیاتو کانگریس پنجاب یوپی کی طرف مارچ کرے گی۔دہلی یونیورسٹی کے طلبا نے بھی واقعہ کیخلاف دارالحکومت میں مظاہرہ کیا۔