
اسلام آباد(این این آئی)وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے جنوبی کوریا کے سفیر نے ملاقات کی جس میں باہمی امور کو زیر بحث لایا گیا ۔ بدھ کو وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ اور جنوبی کوریا کے سفیر کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں باہمی امور کو زیر بحث لایا گیا- اس موقع پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے رہے ہیں- میٹنگ میں موجود وزارت خارجہ کی نمائندگی کرنے والی آفیسر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کافی طالبعلم جنوبی کوریا اعلی تعلیم کے لئے جاتے ہیں- اس کے جواب میں جنوبی کوریا کے سفیر کا کہنا تھا کہ ویزہ سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون جاری رکھیں گے- انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے پاکستانی حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں- اس بات پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بارڈر اور ایئرپورٹز پر تمام ضروری اقدامات کئے ہیں تا کہ لوگوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنہ نہ کرنا پڑھے- ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی پوری کوشش ہے کہ احتیاطی تدابیر میں کوئی کوتاہی نہ ہو- کرونا وائرس کی بات کرتے ہوئے اعجازشاہ نے کہا کہ متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے- وزیر داخلہ کی بات سے متفق ہوتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان نے اس مسئلے کو بہت اچھا سنبھالا ہے- وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے سفیر کی جانب سے حکومتی کاوشوں کو سراہنے کا خیر مقدم کیا اور یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ دوطرفہ تعلقات میں مزید مثبت پیش رفت ہو گی- جنوبی کوریا کے سفیر نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا وقت دینے پر شکریہ ادا کیا۔



