
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ اسلام آباد میں عوام کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی انجینئرنگ کا معاملہ ہے بحث چل رہی ہے کہ پاکستانی کمپنی کو دیا جائے،ہماری یونیورسٹیوں میں تحقیق کے شعبے میں اضافہ ہورہا ہے ، ہمیں اسے آگے لیکر جانا ہے۔ بدھ کو نالج اکانومی پر قومی سیمینار سے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نالج بیسڈ معاشرہ بنانے کیلئے ٹیکنالوجی سے روشناس ہونا ہوگا، دنیا کی پہلی یونیورسٹی مسلمان ملک میں بنی تھی۔اسد عمر نے کہاکہ ہماری یونیورسٹیوں میں تحقیق کے شعبے میں اضافہ ہورہا ہے لیکن ہمیں اسے آگے لیکر جانا ہے۔اسد عمر نے کہاکہ دیامر بھاشا ڈیم کی انجینئرنگ کا معاملہ ہے بحث چل رہی ہے کہ پاکستانی کمپنی کو دیا جائے۔انہوںنے کہاکہ تربیلہ ڈیم سے جڑواں شہروں کو پانی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ کے اشتہار میں غیر ملکی کنسلٹنٹ مانگا گیا ہے، اسلام آباد میں عوام کو پینے کا پانی بھی میسر نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ الزام لگایا گیا کہ ہم نے اعلی تعلیمی کمیشن کے بجٹ پر کٹ لگایا ہے، 2017-18میں بجٹ 16 ارب روپے سے زائد تھا، رواں مالی سال ایچ ای سی کا ترقیاتی بجٹ 28 ارب روپے سے زائد ہے۔ انہوںنے کہاکہ جس میں سے 22 ارب روپے پہلے 8 ماہ میں جاری کئے گئے ہیں، تعلیم کے میدان میں ترقیاتی بجٹ تحریک انصاف نے بڑھایا ہے۔



