جب سے شادی ہوئی مریم کو وزیراعظم ہی دیکھ رہا ہوں، کیپٹن (ر) صفدر
اسلام آباد: کیپٹن صفدر کا کہنا ہے کہ جب سے مریم سے شادی ہوئی اس کو وزیر اعظم ہی دیکھ رہا ہوں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کے شوہر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جب سے مریم سے شادی ہوئی اس کو وزیر اعظم ہی دیکھ رہا ہوں، اور یہ وزیراعظم بننے والی بات سیاسی نہیں روحانی ہے، دسمبر تک پتہ نہیں ملک کیا کچھ ہوجائے، شاید الیکشن کا اعلان ہو جائے، ہو سکتا ہے ہمیں اپنے بیٹے کی شادی دسمبر سے آگے کرنی پڑ جائے۔
مریم نواز کے شوہر کا کہنا تھا کہ لندن میں نواز شریف کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، وہ 22 کروڑ عوام کے لیڈر ہیں ان سے ہر کوئی ملنا چاہتا ہے، انہوں نے ہمیشہ ایٹم بم اور موٹروے کی بات کی، وہ کوئی بہتر ہی فیصلہ کریں گے، لیکن ہم کسی غیر جمہوری قوت کے ساتھ ہاتھ ملانے سے پہلے اپنا ہاتھ کاٹ دیں گے، ہم نے ڈیل کرنی ہوتی تو راحیل شریف کو توسیع دے دیتے، ڈیل کرنی ہوتی تو 2018 میں جیلوں میں نہ جاتے، ہماری ڈیل سڑکوں پر ہوگی، پہلے میں نے وردی پہنی ہوئی تھی اب میں جمہوریت اور آئین کے ساتھ ہوں، ہماری روحانیت رسیوں کو سانپ بنانے والوں کی جادوگری کھا جائے گی۔