ٹی 20 ورلڈ کپ:گرین شرٹس آج ٹریننگ کا میدان سنبھالیں گے
کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے گرین شرٹس آج سے ٹریننگ کا میدان سنبھالیں گے کیونکہ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف سمیت تمام افراد کے کوویڈ ٹیسٹنگ نتائج منفی آگئے ہیں جس کے سبب قومی اسکواڈ کو مقامی ہوٹل میں بھرپور جم سیشن کرنے کا موقع بھی مل گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے دبئی پہنچنے پر پاکستانی اسکواڈ کی ہونے والی کوویڈ ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آگئے ہیں جس کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل افراد کو یکجا ہو کر مختلف سرگرمیوں کی اجازت مل گئی ہے ۔پی سی بی ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پاکستانی کھلاڑیوں نے دبئی کے مقامی ہوٹل میں دو گھنٹے پر مشتمل جم سیشن کیا اور خوب محنت کرتے دکھائی دیئے جبکہ ریکوری کیلئے پول سیشن میں مصروف ہو گئے ۔پاکستانی کھلاڑی آج سے معمول کی مشقوں کا آغاز کریں گے جن کا اولین ٹریننگ سیشن شام کو چھ بجے آئی سی سی اکیڈمی میں شیڈول ہے جس کے دوران تمام کھلاڑیوں کو نیٹ پریکٹس کا موقع ملے گا اور تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس سیشن کی نگرانی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کریں گے جن کو میتھیو ہیڈن اور ورنن فیلانڈر سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم کو میگا ایونٹ کے باضابطہ آغاز سے قبل دو وارم اپ میچوں میں 18 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز اور 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کیخلاف بھی آزمائش درپیش ہوگی۔