
لاہور ( اسپورٹس ڈیسک ) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کی مزاحمت تین وکٹوں سے کچل دی۔قذافی اسٹیڈیم پر بلوچستان نے ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 162رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 60اور عماد بٹ ناقابل شکست43رنز پر نمایاں رہے۔پلیئر آف دی میچ ثمین گل نے تین اور محمد فیضان نے دو وکٹیںلیں۔ جواب میں سینٹرل پنجاب نے 163رنز کا مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں سات وکٹوں پر عبور کر لیا۔ محمد اخلا ق 32 اور فہیم اشرف 27 رنزپر قابل ذکر رہے ۔کپتان وہاب ریاض نے صرف نو گیندوں پر چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست28 بٹورے۔ حارث سہیل اور عماد بٹ نے دو ، دو مہرے کھسکائے۔قبل ازیں کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 11رنز سے ٹھکانے لگادیا۔ سدرن پنجاب نے پانچ وکٹوں پر 193رنز بنائے۔ اوپنر طیب طاہر نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 78رنز جوڑے۔ اعظم خان 25اور کپتان عامر یامین 24 رنز بنا سکے۔ عمران خان جونیئر اور نیاز خان نے دو ، دو کھلاڑی میدان بدر کئے۔ جواب میں خیبر پختونخوا کی ٹیم194 رنز کے مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چھ وکٹوں پر 182رنز بناسکی۔ نبی گل نے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 54رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ کامران غلام 46 جبکہ کپتان افتخار احمد ناقابل شکست 33 رنز بنا کرمیدان سے لوٹے۔ محمد الیاس نے دو وکٹیں لیں۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب، خیبر پختونخوا،سندھ اور ناردرن کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں ۔ایونٹ میں آج پہلا میچ سندھ اور بلوچستان جبکہ دوسرا مقابلہ ناردرن اور خیبرپختونخوا کے مابین کھیلا جائے گا۔




