ہماری ٹیم نمبرون، کرکٹ اکانومی بہتر ہو تو کوئی کھیلنے سے انکار نہ کرے: رمیز راجہ

0 30

کراچی (سپورٹس ڈیسک ) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ اگر ہماری ٹیم نمبر ون ہوتی تو کوئی بھی ملک یہاں آنے سے انکار نہیں کرتا ، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے انکار سے بڑا دھچکا لگا، مستقبل میں ایسا نہ ہو اس لئے کرکٹ میں وسیع سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور روایتی گھنٹہ بجا کر کاروبار کا آغاز کیا، رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ آئی سی سی کے فنڈزپرچل رہی ہے ،ہمارے پاس پیسہ ہو،ٹیم نمبرون ہو توکوئی کھیلنے سے انکارنہ کرے ،رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں، ہمیں اپنے کرکٹ گراؤنڈ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ، ہماری پچز اور گراس روٹ کرکٹ کا بہت برا حال ہے ، ہمارے پاس سکول اور کالجوں کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ بھی اچھی نہیں،جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی، آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، ایک یہ کہ اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، دوسری یہ کہ اگر کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہاکہ ہماری ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے ، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے بہتر ٹیم بنائیں۔ ہماری کرکٹ آئی سی سی کی فنڈنگ پر چل رہی ہے ، ہمارے مقامی سرمایہ کاروں کی حصہ داری کم ہے ، ہمیں کرکٹ کی معیشت کو درست کرنا ہے ، میرا کراچی آنے کا مقصد ہے کہ کرکٹ اکانومی میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے ، ہم قومی کرکٹ کو نمبر ون بنانے کے لئے کام کریں گے ، بزنس کمیونٹی اور ہمیں ایک پیج پر ہونا ہوگا، بزنس کمیونٹی آگے آئے اور ہم کام کریں گے ، ہمیں بہت کام کرنا ہے اور ہم کرکے دکھائیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.