پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں ٹرین لاک ڈائون کردیا
لاہور (آن لائن) پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں ٹرین لاک ڈائون کردیا ہے۔ لاک ڈائون کی منظوری وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے ایک اعلیٰ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ ٹرینوں پر لاک ڈائون کا اطلاق تمام ایکسپریس ٹرینوں اور برانچ لائینوں پر چلنے والی مسافر ٹرینوں پر ہوگا۔ جبکہ فریٹ اور گڈز ٹرینوں کو آمد وفت کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ٹرین لاک ڈائون کے فیصلے کے مطابق ملک بھر میں چلنے والی تمام مسافر ٹرینیں منگل کی رات بارہ بجے بند کرردی گئی ہیں جبکہ وہ ٹرینیں جو اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کے لئے ریلوے ٹریک پر رواں دواں ہیں۔ انہیں آج بروز بدھ منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد بند کردیا جائے گا۔ ٹرین کی بندش کے فیصلے کا اطلاق 31 مارچ تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید 34 مسافر ٹرینیں پہلے ہی بند کرچکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریلوے کے افسران نے ملک بھر میں ٹرین آپریشن 14 روز کے لئے معطل کرنے کی سفارش کی تاہم ریلوے کے تمام ڈویژنل دفاتر کھلے رہیں گے۔ ٹرین لاک ڈائون کی اطلاع ملتے ہی مسافروں کی بڑی تعداد ریزرویشن کے دفاتر پہنچ گئی۔ (اے ملک)