ملک کو لاک ڈائون نہیں کر سکتے ، وزیر اعظم عمران خان کااعلان

0 31

اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک کو لاک ڈائون نہ کر نے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر ہمارے حالات یورپ ،امریکہ اور چین کی طرح ہوتے تو پورا پاکستان لاک ڈاؤن کردیتا،عوام خود کو قرنطینہ کرلیں ،25 فیصد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ،کورونا کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ غریبوں کا ہے، اناج کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہمارے پاس بہت ذخیرہ ہے ، کورونا وائرس سے زیادہ خطرہ ہمیں افراتفری سے ہے،سب اگر گھروں میں سامان جمع کرنا شروع کردیں گے تو ہمارے معاشرے کو نقصان ہوگا،میں اور میری پوری ٹیم کی توجہ کورونا وائرس پر ہے، میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے افرا تفری پھیلانے سے گریز کرے، عوام اپنی حکومت پر اعتماد کرے ہم مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔ اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ آپ سے اس لئے مخاطب ہوں کہ ملک میں ایک بحث چلی ہوئی ہے کہ ملک کو لاک ڈائون کر دینا چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پورا لاک ڈائون کا مطلب ہے کہ ملک میں کرفیو لگانا ہے ،کرفیو کا مطلب ہے کہ شہریوں کو گھروں میں بند کر کے پولیس اورفوج کے ذریعے پہرہ دینا ہے تاکہ لوگ گھروں سے باہر نہ نکلیں لیکن ہمارا مسئلہ ہے کہ پچیس فیصد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ دو وقت کی روٹی نہیں کھاسکتے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعظم نے کہاکہ اگر پورے ملک کو لاک ڈائون کرتاہوں تو اس کا مطلب ہے کہ رکشتہ ٗچھابری ، ریڑھی والے ، دیہاڑی والے اور چھوٹے دوکاندار وں کے گھر بند ہو جائیں گے، کیا ان کے وسائل ہونگے کہ دو ہفتے تک بیوی بچوں کا پیٹ پال سکیں ؟کیا ہمارے پاس کیپسٹی ہے کہ گھروں میں کھانا پہنچا سکیں ؟ہمارے پاس اتنی کیپسٹی نہیں ہے ۔ وزیر اعظم نے بتایاکہ چین امیر ملک ہے ،ان کے پاس پیسے اور خوراک تھی ،وہ کر سکتے تھے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اگر میں پورے ملک کو لاک ڈائون کرتاہوں تو پچیس فیصد غریب لوگوں کا کیا بنے گا ؟،ہم دیکھ رہے ہیں ہم اپنے کاروبار کیلئے کیا کیا کرسکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خود اپنے آپ کو لاک ڈائون کی طرف لے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ آپ کو سیلف قرنطینہ کر نا چاہیے ، اگر کسی کو کھانسی ، زکام نزلہ ہے تو وہ گھروں میں رہے ۔ انہوںنے کہاکہ کرونا وائرس فلو کی طرح ہوتاہے اور چند دنوں میں لوگ ٹھیک ہو جائینگے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ ان بوڑھوں اور بزرگوں کو ہسپتال جانا پڑے گا جن کو سانس کی مشکلات ہوں ان کیلئے ہسپتالویں میں جگہ رکھی ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اوپر ڈسپلن کریں ،حکمت اور عقل کا استعمال کریں ۔ وزیراعظم نے بتایاکہ ملک میں شاپنگ مال ، یونیورسٹیاں اور سکول بند کر دیئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ خود اپنے اوپر احتیا ط کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ انسان کو اللہ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں آزمایا جاتا ہے ،مشکل وقت میں وہ کھڑا رہتا ہے یا نہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قوم کا مشکل وقت میں پتہ چلتا ہے میں نے اپنی قوم کو 2005کے زلزلے اور 2010کے سیلاب میں دیکھا ہوا ہے ،ہمیں بڑی بڑی تکالیف آئی ہیں ،پاکستانی نے ان کا مقابلہ کیا ،ہم ان مشکلات میں نکل آئے ہیں ،ہمیں آپ کی ضرورت ہے ، اگر آپ نے احتیاط نہ کریں تو پوری قوم کو نقصان ہوگا اور اگر لاک ڈائون کرونگا تو اور اثرات ہونگے ۔وزیراعظم نے کہاکہ اگر کھانسی ،نزلہ زکان ہوتا ہے تو لوگ گھر میں رہیں ،جتنا ڈسپلن اپنے اوپر کریں گے انشاء اللہ چین کی طرح ہم بھی نکل جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پوری قوم سے امید لگا ئے بیٹھا ہوں ،مجھے مایوس نہیں کر نا ہے ،میں اور میری ٹیم سوچ رہی ہے کہ کرونا کامقابلہ کیسے کر نا ہے؟۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہم سوچ رہے ہیں کہ انڈسٹری اور بزنس کو کیسے بچانا ہے اس پرسوں بات کرونگا ۔ انہوںنے کہاکہ آپ کو خوف ہے کہ اناج کی کمی نہ ہوجائے ،ہمارے پاس کھانے پینے کی چیزیں وافر مقدار میں موجود ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ کونا وائرس سے زیادہ خطرہ ہمیں افراتفری سے ہے ،اگر لوگ گھبرا گئے ، ساروں نے چیزیں خریدنا شروع کر دیں ، پیسوں والے نے سامان جمع کر نا شروع کر دیا تو اس سے ہمارے معاشرے کو نقصان ہوگا ، اس لئے آپ کو مجھ پر پورا اعتماد کر نا چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سارا وقت میں اور میری ٹیم اس پر سوچ رہی ہے کہ کیسے وائرس سے نکلنا ہے ؟کیسے آپ کی زندگی کوآسان بنانا ہے ؟کیسے مشکلات کم کر نی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اس صورتحال میں میڈیا کر دار اہم ہے ،آپ نے افراتفری نہیں پھیلنے دینی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ قوم اور حکومت ملکر احتیاط اورڈسپلن کی پابندی کریں تو اشناء اللہ کرونا وائرس سے قابو پالینگے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کورونا کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ غریبوں کا ہے، ہمیں کورونا سے بحیثیت قوم نمٹنا ہے اور امید ہے ہم اس سے نکل آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ اگر عوام نے احتیاط نہ کی تو نقصان سب کا ہوگا، امید ہے عوام مایوس نہیں کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.