بلوچستان

معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے نجی شعبے کے خدمات سے انکار ممکن نہیں،سردار یار محمد رند

کوئٹہ( این این آئی)صوبائی وزیر ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے نجی شعبے کے خدمات سے انکار ممکن نہیں۔ تدریس کا شعبہ بہت مہذب اور قابل فخر پیشہ ہے حکومتی سطح پر اساتذہ کے وقار کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کو وسیلہ روزگار اور تعلیم کے شعبے کو تجارت نہیں بننے دیں گے۔ ایسے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جہاں غریبوں کے بچے اور بچیاں مناسب فیسوں پر پڑھ سکیں۔ عدالت عالیہ کے احکامات اور حکومت  بلوچستان کے ہدایات کی روشنی میں ایسے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو قوائد و ضوابط اور قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔ ان خیالات کا انہوں نے نجی سکولوں کے نمائندہ وفد بلوچستان پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ثانوی تعلیم غلام علی بلوچ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم اور نصاب کے نفاذ کیلیے نجی اداروں کے ساتھ اشتراک کا خواہاں ہیں۔ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور ریگولیشن کیلیے صوبائی کابینہ سے منظور کی گئی حالیہ ایکٹ کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کے نمائندوں پر زور دیاکہ وہ صوبے کے معاشی سماجی اور جغرافیائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سے ہم آہنگ نصاب کی تشکیل اور نظام تعلیم کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے تمام آپشن زیر غور ہیں۔ نیک نیتی،اخلاص اور دیانت داری سے محکمے میں تبدیلیاں چاہتے ہیں تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلیے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کی جاسکے۔ اس موقع پر بلوچستان پرائیویٹ سکولز گرینڈ الائنس کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت انکے تجاویز آراء اور مسائل کے حل کیلیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button