
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کا بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں بیان قابل تحسین ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل اور او-آئی- سی کی قراردادوں پر عملدرآمد کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم کا مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ان مظلوموں کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ او آئی سی کی مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں اور پاکستان کے اصولی موقف کی غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ امت مسلمہ کے کشمیریوں کیلئے احساس ہے اور بھارتی انسانیت سوز مظالم کا بھی اعتراف ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اس اہم اور سنجیدہ انسانی مسئلے پر او آئی سی کا اجلاس بلانا مظلوم کشمیریوں کے حوصلوں کو مزید بلند اور انکی آواز کو مزید قوت دیگا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے، پوری وادی جیل کا منظر پیش کر رہی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اسلامی دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کا جائز، جمہوری اور قانونی حق دلوانے میں عملی کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہاکہ او آئی سی کے انتہائی اہم وفد کے آزاد جموں کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دورے سے بھارتی جرائم دنیا کے سامنے آئیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پوری دنیا پر یہ بھی ثابت ہو چکا ہے کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور انسانیت کے خلاف اپنے جرائم اور عالمی ضابطوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھارت ان جرائم میں ملوث نہ ہوتا تو او آئی سی سمیت پوری دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر جانے کی اجازت دیتا۔


