لورالائی تین روز سے بجلی کی طویل بندش

0

لورالائی(ملک امانت حسین نامہ نگار) ڈویژنل ہیڈ کوارٹر لورالائی شہر کے مختلف علاقے گزشتہ تین روز سے بجلی کی مسلسل بندش کے باعث تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جس سے شہریوں کی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث نہ صرف گھروں میں پانی کی فراہمی معطل ہے بلکہ موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہیں، جس سے طلبہ، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بجلی کی طویل بندش کے باعث شہر کی فلور ملز اور آٹا چکیاں بند ہو گئی ہیں، جس کے نتیجے میں آٹے کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور بازاروں میں آٹا ناپید ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق اگر بجلی کی یہی صورتحال برقرار رہی تو اشیائے خورونوش کی قلت مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ تین روز سے جاری اس صورتحال نے شہری زندگی مفلوج کر دی ہے اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔
لورالائی کے سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہونے کے باوجود شہر کو بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کامیاب ہونے والے منتخب عوامی نمائندے انتخابات کے بعد اسلام آباد میں مقیم ہیں، جبکہ لورالائی کے عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث لورالائی شہر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے اور شہری خود کو بے یار و مددگار محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے واپڈا چیف اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تین تین روز تک مسلسل بجلی بند رکھنے کے بجائے باقاعدہ شیڈول کے تحت ترتیب وار لوڈشیڈنگ کی جائے تاکہ تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی میں یکساں سہولت مل سکے۔
سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام کو احتجاج پر مجبور کرنے کے بجائے فوری طور پر بجلی کا مسئلہ حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو پانی، آٹے اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.