ہانگ کانگ سپر سکسز: پاکستان نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی
ہانگ کانگ میں جاری سکسز ٹورنامنٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہانگ کانگ کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں پاکستان کے کپتان عباس آفریدی نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 6 اوورز میں 88 رنز اسکور کئے۔بھارت کی جانب سے ششانک سنگھ نے 11 گیندوں پر 40 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے ایک اوور میں 10 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ احمد دانیال اور محمد شہزاد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم نے ٹارگٹ 3.5 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 2 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 41 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ کپتان عباس آفریدی نے 35 رنز اسکور کئے۔
قومی ٹیم کے بیٹر عبد الصمد اور عرفان خان بالترتیب 7 اور 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
