پاکستان اور سنگاپور میں تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالا کرشنن نے اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کی کشیدگی میں قابل تعریف کردار ادا کررہا ہے، میں اس کردار پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سنگاپور کے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، مسلسل دو طرفہ سیاسی مشاورت پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان ان پہلے ممالک میں شامل تھا جس نے سنگاپور کو تسلیم کیا، یہ سنگاپور کے کسی بھی وزیر خارجہ کا دو دہائیوں میں پہلا دورہ ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران خطے سمیت عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، مسلسل دو طرفہ سیاسی مشاورت پر اتفاق ہوا ہے، سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشن میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کا دفتر دوبارہ کھولا گیا ہے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین نے کہا کہ میں ایک چھوٹے سے جزیرے کے ملک سے ہوں، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جہاں پہاڑ اور سبزہ ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کر لی۔
وزیر خارجہ سنگاپور نے بتایا کہ این ڈی ایم اے کے ساتھ ہمارا ایک اہم او یو ہوا، قدرتی آفات کو قابو کرنے میں مل کر کام کرنے سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، ایم او یو کے تحت ارلی وارننگ سسٹم اور دیگر شعبوں میں کام کرینگے۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج وزارتِ خارجہ میں جمہوریہ سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔
