یوٹیوب سے آمدنی کے حصول کے خواہشمند افراد کیلئے ایک اہم تبدیلی کی آزمائش

0

دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب سے دنیا بھر میں متعدد افراد اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔

یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک پرکشش پلیٹ فارم ہے۔

اربوں افراد اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تخلیقی سوچ رکھنے والوں کے لیے یہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بہترین جگہ ہے۔

یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بن کر ہر فرد اس ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم سے پیسے کما سکتا ہے۔

مگر ابھی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے والا کوئی فرد اس وقت تک رقم نکال نہیں سکتا جب تک وہ 100 ڈالرز تک نہ پہنچ جائے۔

مگر اب کمپنی کی جانب سے ایک نئے آپشن کی آزمائش کی جا رہی ہے جس کے تحت پیمنٹ نکالنے کی کم از کم حد 100 ڈالرز سے کم کرکے 20 ڈالرز کی جائے گی۔

ایک رپورٹ کے مطابق امریکا، بھارت اور انڈونیشیا کے محدود صارفین میں اس نئی اپ ڈیٹ کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

اس نئی تبدیلی سے متعدد صارفین کے لیے یوٹیوب ریونیو شیئر تک رسائی آسان ہو جائے گی۔

یوٹیوب کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے ہم عارضی طور پر ایک اپ ڈیٹ کی آزمائش کر رہے ہیں جس کے تحت کم از کم پیمنٹ ادائیگی کی حد کو 100 سے 20 ڈالرز کیا جا رہا ہے۔

یعنی اگر کسی صارف کی یوٹیوب ریونیو 100 ڈالرز نہیں بھی ہوگی تو بھی وہ اسے حاصل کرسکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جن صارفین کو اس ٹیسٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، انہیں یوٹیوب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھیجا گیا ہے۔

یہ اپ ڈیٹ اس وقت کی گئی ہے جب انسٹا گرام کی جانب سے یوٹیوب کو ٹکر دینے کے لیے 90 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ یوٹیوب کی یہ آزمائش کب تک جاری رہے گی، البتہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو امکان ہے کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک میں اس کا اطلاق ہوسکے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.