اہم خبریںبین الاقوامی

مقبوضہ کشمیر: فوجی گاڑی کی ٹکر، خاتون شہید، مدرسے پر چھاپہ 5 گرفتار

سرینگر :  غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے خاتون کودانستہ طورپر ٹکر مارکر شہید کردیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 29سالہ خاتون روہی جان کوبھارتی فوج کی گاڑی نے ضلع کولگام کے علاقے کڈر میں ٹکر مارکر شہید کردیا ، خاتون کا تعلق ضلع شوپیاں کے علاقے کھری برادری سے ہے ۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری سے تلاشی آپریشن کے دوران ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ خاتون کا تعلق ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن سے بتایاگیا ہے ۔ادھرعلاقے میں جاری آپریشن کیخلاف کشمیری عوام گھروں سے باہرنکل آئے ، اور نوجوانوں کی شہادت کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔ بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں چار مختلف مقامات پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں کیں۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیر کے دینی مدارس کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔ جنوبی کشمیر میں میں دارالعلوم سراج العلوم کے چیئرمین عدنان احمد ندوی سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ادھر ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والے جیل میں نظربند حریت پسند کارکن کی اہلیہ نے خودکشی کرلی ۔ علاوہ ازیں محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے گیارہ کشمیری ملازمین کو بے بنیاد الزامات کے تحت نوکریوں سے نکال دینا ایک مجرمانہ عمل ہے ،نئی دہلی کی طرف سے بھارتی آئین کو پامال کرتے ہوئے کشمیریوں کو بے اختیار کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ جموں و کشمیر میں ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں تسلیم کیا ہے کہ قومی ترانے کے لیے کھڑا نہ ہونا جرم نہیں ہے ۔سائوتھ ایشین وائر کے مطابق عدالت نے جموں صوبے میں ایک لیکچررتوصیف احمد بٹ کے خلاف درج ایف آئی آر کو بھی مسترد کر دیا جن پر 2018 میں ایک کالج تقریب کے دوران قومی ترانے کے لیے کھڑا نہ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہڑتال کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button