
کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں متحد ہ اپوزیشن کے لیڈر ملک سکندرخان ایڈووکیٹ،بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیراحمد شاہوانی، ایم پی اے ثناء بلوچ، حاجی محمد نواز کاکڑ، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو، حاجی زابد علی ریکی، احمد نواز بلوچ، اصغر علی ترین، محمداکبر مینگل، میر یونس عزیز زہری، حمل کلمتی، سیدعزیز اللہ آغا، مکھی شام لال اور خاتون ایم پی اے شکیلہ نوید دہوار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر عثمان کاکڑ شہید کی فاتحہ خوانی کیلئے پیر کو مسلم باغ گئے۔مسلم باغ کے قریب کنچوغی کراس پرحزب اختلاف کے ممبر صوبائی اسمبلی مولانا نوراللہ اور انکے ساتھ بڑی تعداد میں علماء کرام اور جمعیت کے اکابرین نے متحدہ اپوزیشن کے ارکان کا استقبال کیا اورعثمان شہید کے گھر گئے جہاں انکے بیٹے خوشدل خان کاکڑ اورانکے کزن سردارآصف خان اوراقربا سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔عثمان خان سہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک سکندر خان ایڈووکیٹ،ملک نصیراحمد شاہوانی، ثناء اللہ بلوچ اورمیر یونس عزیز زہری نے عثمان خان شہید کی حق گوئی،انسان دوستی اور بلوچ پشتون کی یکساں نمائندگی اورانکی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی اس کے بعد مولوی نوراللہ ممبر صوبائی اسمبلی کے پرتکلف ظہرانے میں شرکت کی۔مولوی نوراللہ نے اپوزیشن ارکان کیلئے پرخلوص ظہرانے کا اہتمام کیا تھا واپسی پر شام کو ملک عبیداللہ کاسی کی بازیابی کیلئے کچلاک کے احتجاجی کیمپ پہنچے جہاں کمیٹی کے ارکان ارباب عمر فاروق کاسی،ملک محمدہاشم کاکڑ،ملک امان اللہ مہترزئی، ارباب غلام ایڈؤوکیٹ وغیرہ نے اپوزیشن ارکان کا استقبال کیااس دوران سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل بھی احتجاجی کیمپ آئے کمیتی ارکان کی خواہش پر ملک سکندرخان ایڈووکیٹ،ملک نصیراحمد شاہوانی،ثناء بلوچ اورشیخ جعفرخان مندوخیل نے ملک عبیداللہ کاسی کی بازیابی کا پرزور مطالبہ کیا اور کہا کہ ریاست عوام کے جان و مال عزت وآبرو کی حفاظت کی َضامن ہے اربوں روپے امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفط کیلئے بجٹ سے خرچ ہوتے ہیں لیکن عوام کے جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں ہے جو ایک المیہ ہے ملک عبیداللہ کاسی کے گھر،بچوں،عزیز و اقارب سے پتہ کیا جائے کہ وہ کس کرب سے گزر رہے ہیژں اسی صورتحال سے جو شہری دوچار ہیں عوام کو خود متحد ہوکر جرائم پیشہ عناصر کا راستہ روکنا ہوگا اورا پنے عوام کی حفاظت کرنی ہوگی آخر میں کمیٹی کے سرخیل سینیٹرنوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی نے اپوزیشن ارکان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے اس امر پراطمینان کا اظہار کیا کہ اپوزیشن ارکان نے عبیداللہ کاسی کی بازیابی میں ہرحد تک تعاون کا یقین دلایا۔




