چیلنجوں سے بخوبی واقف ہیں اورقوم کی حمایت سےپاکستان کےدشمنوں کےکسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کےلیے تیار ہیں،جنرل سیدعاصم منیر
):بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم چیلنجوں سے بخوبی واقف ہیں اور قوم کی حمایت سے پاکستان کے دشمنوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں، پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے بہاولپور کور کی زمینی مشق کا مشاہدہ کرنے کے لئے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) کے دورہ اور مشق میں حصہ لینے والے دستوں سے اپنے خطاب میں کیا۔
بری فوج کے سربراہ کو زمینی مشق کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد آپریشنل ماحول میں مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے درکار مختلف درجوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار پر پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانا ہے۔
بری فوج کے سربراہ نے مختلف شعبوں کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں بشمول آرمر، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل (اے ٹی جی ایم) جو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) اور کمبیٹ ایوی ایشن کی طرف سے مکمل طور پر تعاون یافتہ ہیںکا مشاہدہ کیا ۔
بعد ازاں آرمی چیف نے مشق میں حصہ لینے والے فوجی دستوں سے گفتگو بھی کی۔ بری فوج کے سربراہ نے تربیتی معیار، پیشہ وارانہ تیاریوں اور افسران اور دستوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔بری فوج کے سربراہ نے فوجیوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ہم چیلنجوں سے بخوبی واقف ہیں اور قوم کی حمایت سے ہم پاکستان کے دشمنوں کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں ، پاک فوج ہر قسم کی مشکلات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج خطرات کے خلاف مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع پر مرکوز ہیں اور قوم کی حمایت سے مسلح افواج پاکستان کے دشمنوں کو شکست دیں گی، انشااللہ۔ قبل ازیں خیر پور ٹامیوالی پہنچنے پر کور کمانڈر بہاولپور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔