خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے سے تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ، وزیرتجارت گوہراعجاز
وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہاہے کہ خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے سے تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اورجی سی سی ممالک کے کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔انہوں نے یہ بات سعودی عرب میں جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیلئے چیف مذکرات کارسے ملاقات میں کہی۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرتجارت نے سعودی عرب میں سرکاری وفد کی قیادت کی جس میں وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈکے سیکرٹریز اور اٹارنی جنرل آفس کے حکام شامل تھے۔
پاکستانی وفدنے جی سی سی ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سرمایہ کاری سے متعلقہ حصے کو حتمی شکل دینے کے لیے چیف مذاکرات کار کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں نے سرمایہ کاری کے باب کی بقیہ تفصیلات بشمول سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت پر وسیع بات چیت کی۔ فریقین نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤپر آزادانہ تجارت کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا یہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ہماری کوششوں میں ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاری کا باب معاہدے کا ایک اہم حصہ ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ہم جلد ہی کسی معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔جی سی سی ایف ٹی اے سے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہاکہ معاہدے سے دونوں خطوں میں نئی ملازمتیں اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ فریقین نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مستقبل قریب میں مشترکہ بزنس فورم کے انعقاد کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گوہر اعجاز نے پرتپاک مہمان نوازی پر خلیج تعاون کونسل کا شکریہ ادا کیا۔