نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی نیدر لینڈز کے وزیر اعظم سے ملاقات

0

:نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے نیدر لینڈ کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہئے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دبئی میں 28ویں کانفرنس آف پارٹیز (کوپ۔28)کے موقع پر نیدرلینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کی۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنمائوں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں سربراہان نے اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور دی ہیگ میں منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں اضافہ کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کوپ ۔28 کے حوالے سے بہتر نتائج کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.