
کراچی ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہناہے کہ اس وقت پاکستان کی قومی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ، ان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔ کھلاڑیوں نے حا ل میں اپنی پرفارمنس سے ثابت بھی کیا ہے تاہم ان میں کچھ کھلاڑی کافی وقت سے پرفارم کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا یہ ہمارے شاندار کھلاڑی ہیں ہمیں اپنے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانا ہو گا اور مشکل وقت میں ایک کرکٹ فین کے طور پر اور سابق کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے اپنے کھلاڑیوں کا ساتھ دینا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ میدان میں لڑ کر ہارنے والی ٹیم کوقبول کرنا چاہئے ۔ میں یہ بھی محسوس کرتا ہوں حالیہ سالوں میں کرکٹ بہت تبدیل ہو چکی ہے ۔ اب اٹیک ہی آپ کی دفاعی صلاحیت ہے اس کے علاوہ کامیابی نہیں ہے اور وائٹ بال فارمیٹ میں تو یہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے ۔ہمارے کھلاڑی اٹیک کرنے اور روکنے میں اچھے ہیں،اس کے علاوہ ہمیں درمیانی راستہ پر دھیان دینا ہو گاخاص طور پر ون ڈے فارمیٹ میں اس پر توجہ دینا ہو گی۔




