
اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ لاہور دھماکے میں بھارت ملوث ہے اور اسی دن ہمارے اداروں پر سائبر اٹیکس بھی کیے گئے۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہے کہ لاہور دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق بھارت اور را سے ہے، دھماکے کے دن ہمارے اداروں پر سائبر اٹیکس کیے گئے، پہلے بھی کئی بار کہا پاکستان میں دہشت گردی بھارت کراتا ہے جب کہ پچھلے سال ہم نے عالمی دنیا کو بھارت کی دہشت گری کا ڈوزیئر بھی دیا تھا، ڈوزیئر میں ہم نے تصاویر دیں بینک اکاؤنٹس دیے لیکن کوئی نوٹس نہیں لیاگیا، تاہم اس دفعہ جو کارروائیاں ہوئیں اور جو شواہد ملے ہیں وہ اتنے مضبوط ہیں کہ اگر اس پر بھی دنیا خاموش رہی تو پھر سمجھا جائے گا کہ دنیا امن نہیں چاہتی۔
معید یوسف نے کہا کہ افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس بھجوانا چاہتے ہیں، بین الاقومی قوانین کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی ہونا چاہیے جب کہ افغانستان میں سیاسی استحکام تک امن نہیں ہو سکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور دھماکے میں براہ راست بھارت ملوث تھا، بھارتی حکومت پاکستان میں دہشت گردی کو سپورٹ کررہی ہے، بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد موجود ہیں۔



