بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی میں کریک ڈاؤن،

0

ناقص اور غیر معیاری خوراک کے مکمل خاتمے و عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی میں مختلف فوڈ بزنسز کے خلاف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 9 یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے، 8 کو اصلاحی نوٹسز جاری جبکہ ایک گودام اور ایک جوس مینوفیکچرنگ یونٹ کو سیل کیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ اسپنی روڈ، سی پیک روڈ اور ریلوے سوسائٹی کے علاقوں میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف بیکنگ یونٹس، ہوٹلز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، جوس سینٹرز اور دیگر فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران سنگین خلاف ورزیوں پر دو یونٹس سربمہر کیے گئےجبکہ ایک فوڈ پوائنٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا۔کارروائی کے دوران سیل کیے گئے جوس مینوفیکچرنگ یونٹ میں پروڈکٹ رجسٹریشن اور لیبارٹری رپورٹس کی عدم موجودگی، ناقص اسٹوریج، پروسیسنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی اور ورکرز کا حفاظتی لباس کے بغیر کام کرنا سامنے آیا، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔اسی طرح مصنوعات کی لیبارٹری رپورٹس اور ٹریس ایبلٹی ریکارڈز کی عدم دستیابی، جبکہ جوسز پر تاریخِ تیاری اور تاریخِ تنسیخ کی ڈبل پنچنگ جیسی خلاف ورزیوں پر ایک گودام کو سربمہر کیا گیا۔علاوہ ازیں فوڈ کارنر کے معائنے کے دوران ناقص صفائی، غیر معیاری اسٹوریج، رینسیڈ آئل کے استعمال، نامناسب ریفریجریشن، درجہ حرارت کنٹرول کے مؤثر نظام کی عدم موجودگی اور بی ایف اے لائسنس نہ ہونے پر بھی کارروائی کی گئی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ مصنوعات، ناقص صفائی، غیر محفوظ اسٹوریج اور فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے قوانین اور بی ایف اے کے مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز پر زور دیا کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں، صفائی، مناسب اسٹوریج، درجہ حرارت کے کنٹرول اور مصنوعات کی رجسٹریشن سے متعلق تمام قانونی تقاضوں پر سختی سے عمل کریں۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین اور بی ایف اے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.