حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان مذاکرات کا آغاز

0

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس، اسد قیصر، عامر ڈوگر جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر، شیری رحمان اورحکومت کی جانب سے محسن نقوی، رانا ثنا اللہ، طلال چودھری، امیر مقام اور طارق فضل چوہدری مذاکرات میں شریک ہیں۔

مذاکرات سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے وفود کی ملاقات کے حوالے سے بھی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات میں تحریک انصاف سے مذاکرات کی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی۔

 

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ بات چیت میں ہمیں کبھی جھجک ہوئی نہ انا آڑے آئی،ن لیگ اورپیپلزپارٹی نے ہمیشہ مسائل مذاکرات سےحل کیے ،امید ہے اپوزیشن بات چیت کا موقع نہیں گنوائے گی۔

 

وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عدالتوں کے معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہونگے۔سیاسی معاملات ٹیبل پربیٹھ کرحل ہوسکتے ہیں ،بیٹھ کرجوبھی بات کرنا چاہیں وہ کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی اصولوں اورقانون کے مطابق جواب دیں گے ، یہ طریقہ نہیں کہ وزیراعظم کوخط لکھ سکتے ہیں مگر مل نہیں سکتے،اس قسم کی سوچ سیاسی رواداری کا نقصان کرتی ہے۔

 

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کی دعوت وزیراعظم نے خود قائد حزب اختلاف کو دی،حکومت کی جانب سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آج آرہی ہے تو اچھی امید کے ساتھ بیٹھیں گے،بات چیت سے مسائل کا حل ملک اور سیاسی صورتحال کے لیے بہتر ہے،مذاکرات میں کئی موضوعات زیر بحث آئیں گے،ممکنہ حل حکومت کے پاس ہوا تو پیش کریں گے۔

 

طارق فضل چوہدری نے مشورہ دیا کہ اپوزیشن کو سیاسی رویہ اختیار کرنا پڑے گا،اسلام آباد پر یلغار اور چڑھائی سے اجتناب کرنا ہوگا،خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر کو قابو کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

قبل ازیں اس سلسلہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

ایوان صدر کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

 

ملاقات میں ملک میں امن و استحکام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

 

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کیے جائیں گے

Leave A Reply

Your email address will not be published.