نصیرآباد کی معروف دینی درسگاہ جامعہ عربیہ اسلامیہ مالکیہ اوچ پاور میں سالانہ امتحانات جاری

0

ڈیرہ مراد جمالی۔رپورٹ۔عبدالرزاق بنگلزئی

نصیرآباد کی ممتاز، معروف اور مرکزی دینی درسگاہ جامعہ عربیہ اسلامیہ مالکیہ اوچ پاور، نیشنل ہائی وے، ڈیرہ مراد جمالی میں ششماہی دینی و عصری امتحانات نہایت پرامن، شفاف اور روح پرور ماحول میں جاری ہیں۔
اس وقت جامعہ ہذا میں دو شعبہ جات باقاعدگی سے چل رہے ہیں۔ شعبہ حفظ و ناظرہ جس میں 125 طلباء کرام زیر تعلیم ہیں، اور شعبہ کتب جس میں 100 طلباء کرام علوم نبوت حاصل کر رہے ہیں۔
شعبہ کتب میں درجہ متوسطہ اول، دوم، سوم، درجہ اولیٰ، درجہ ثانویہ عامہ، ثانویہ خاصہ، درجہ خامسہ، درجہ سادسہ، تک باقاعدہ تعلیم دی جاتی ہے۔
یہ تمام امتحانات جامعہ کے مہتمم اعلیٰ، عالم باعمل حضرت مولانا حافظ صفی اللہ صاحب دامت برکاتہم کی زیر سرپرستی اور زیر نگرانی منعقد ہو رہے ہیں۔ امتحانی امور ناظم تعلیمات مولانا عبدالرؤف، مولانا عبدالحق، مولانا فضل الرحمان، مولانا الہی بخش جتک اور مولانا محمد عمران کی نگرانی میں سرانجام دیئے جا رہے ہیں۔
دینی پرچہ جات وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے منظور شدہ نصاب کے مطابق لیے جا رہے ہیں جن میں قرآن و تفسیر، حدیث شریف، فقہ اسلامی، اصول فقہ، عربی و اردو ادب، صرف و نحو اور منطق و فلسفہ شامل ہیں، جبکہ عصری علوم کے پرچہ جات حکومت بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب کے مطابق لیے جا رہے ہیں جن میں سائنس، ریاضی، انگریزی اور معاشرتی علوم شامل ہیں۔
گزشتہ روز شہید بینظیر بھٹو پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی کے صدر عبدالرزاق بنگلزئی، ولی محمد زہری اور جوہر بنگلزئی پر مشتمل وفد نے جامعہ کا خصوصی دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مہتمم جامعہ حضرت مولانا صفی اللہ صاحب نے بریفنگ دیتے ہوئے فرمایا کہ الحمدللہ ہمارے مدارس اسلامیہ میں نقل اور کاپی کلچر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہاں قال اللہ و قال الرسول ﷺ کی بنیاد پر تقویٰ اور خوف خدا کے ساتھ تعلیم دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا سالانہ نتیجہ 90 سے 95 فیصد رہتا ہے جو ہمارے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی طالب علم نقل میں ملوث پایا گیا تو اس کا نام فوری طور پر خارج کر دیا جائے گا اور آئندہ داخلہ نہیں دیا جائے گا، کیونکہ دین کے حصول میں خیانت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ جامعہ کا مقصد صرف حافظ و عالم بنانا نہیں بلکہ طلباء کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے بھی آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ دین اسلام کی صحیح ترجمانی کر سکیں۔ یہاں غریب و نادار طلباء کے لیے رہائش، طعام اور تعلیم فی سبیل اللہ مفت فراہم کی جاتی ہے۔
وفد نے امتحانی ہال، کتب خانہ اور لائبریری کا معائنہ کیا۔ لائبریری میں دینی، عصری اور تاریخی موضوعات پر ہزاروں کتب مطالعہ کے لیے موجود ہیں۔ طلباء کی ذہنی و جسمانی تربیت کے لیے سرسبز و شاداب گراسی لان، کرکٹ اور فٹ بال گراؤنڈ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں طلباء وقفے کے دوران ذہنی سکون حاصل کرتے ہیں۔ جامعہ میں ایک عالی شان جامع مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے جہاں اساتذہ، طلباء کے ساتھ ساتھ شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافر حضرات بھی نماز ادا کرتے ہیں۔!آخر میں مہتمم جامعہ نے تمام اہل اسلام اور اہل خیر حضرات سے ادارے کی ترقی، طلباء کی کامیابی اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.