پنجاب پولیس کا تحریک لبیک کے پرتشدد احتجاج کی شدید مذمت — ریاستی امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنائی جائے گی

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ غزہ کے نام پر ملک میں تشدد پھیلانا اور پولیس پر حملے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہیں۔

19

۔تاریخ: 11 اکتوبر — لاہور

پنجاب پولیس نے تحریکِ لبیک پاکستان (TLP) کے پرتشدد اور مسلح احتجاج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد عوام کو مشکلات میں مبتلا کرنا، ریاست کے امن و امان کو نقصان پہنچانا اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنا ہے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے کہا کہ یہ مظاہرے کسی طور پر بھی غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی نہیں، بلکہ پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔ غزہ میں امن معاہدہ ہوچکا ہے اور وہاں کے مسلمان سکون و شکر کے ساتھ امن کی بحالی کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں، مگر TLP ملک کے اندر توڑ پھوڑ کرکے ایک ایسے بیرونی ایجنڈے کو تقویت دے رہی ہے جو علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔

احتجاج میں شریک مسلح گروہ پولیس اہلکاروں پر شدید تشدد کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹا بیانیہ بنا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کا اغوا اور ان پر تشدد کسی صورت بھی فلسطین کے مسلمانوں کی نمائندگی نہیں بلکہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔

آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی، اور ریاست کے وقار، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

پنجاب پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں، شرپسند عناصر کے بیانیے میں نہ آئیں، اور امن و امان کے قیام میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔

Comments are closed.