ایف سی کے پی نارتھ کی عوام دوست سرگرمیاں: چترال میں فری میڈیکل کیمپ اور جشنِ یکجہتی پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد

17

چترال، 11 اکتوبر: فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کے زیر اہتمام چترال میں عوامی فلاح اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے دو اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا — ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ دومیل نثار میں جبکہ جشنِ یکجہتی دروش پولو ٹورنامنٹ کا افتتاح دروش پولو کلب گراؤنڈ میں ہوا۔

دومیل نثار جیسے دورافتادہ اور پسماندہ علاقے میں چترال اسکاؤٹس (ایف سی کے پی نارتھ) نے ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کامیابی سے منعقد کیا، جس میں مقامی آبادی کو مفت طبی معائنے اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی۔

کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہر ڈاکٹروں نے 393 مریضوں کا معائنہ کیا، جن میں 125 مرد، 110 خواتین اور 158 بچے شامل تھے۔ مقامی عوام نے ایف سی کے اس اقدام کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف صحت کی سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان اعتماد، محبت اور احترام کے رشتے کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

دوسری جانب، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایف سی کے پی نارتھ کے زیر انتظام “جشنِ یکجہتی دروش پولو ٹورنامنٹ” کا شاندار آغاز ہوا۔

دروش پولو کلب گراؤنڈ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پولو ٹورنامنٹ میں چھ مقامی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ فائنل میچ 13 اکتوبر 2025 کو کھیلا جائے گا۔

پولو ٹورنامنٹ کا مقصد علاقے میں امن، بھائی چارے اور ثقافتی روایات کے فروغ کو اجاگر کرنا ہے۔ مقامی عوام نے اس اقدام کو قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دیا۔

ایف سی کے پی نارتھ کی جانب سے صحت، کھیل اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششیں عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہی ہیں۔

Comments are closed.