اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کے خلاف رات گئے بڑا آپریشن — 22 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 2 یونٹس سیل، 6 کو بھاری جرمانے
📰 عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 16 اکتوبر 2025:
صحت دشمن عناصر کے خلاف اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشنز کیے۔
کارروائی کے دوران دو فوڈ یونٹس کو سیل کر دیا گیا، چھ یونٹس پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 22 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کے مطابق، موقع پر کیے گئے کوالٹی ٹیسٹ فیل ہونے کے باعث دودھ کو تلف کیا گیا۔ تجزیے میں پانی، پاؤڈر اور دیگر ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ ثابت ہوئی جبکہ قدرتی غذائیت کی شدید کمی پائی گئی۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے مزید بتایا کہ بعض فوڈ ہینڈلرز کی صفائی کی حالت نہایت ناقص پائی گئی۔ برتن دھونے کے لیے سرف کا استعمال کیا جارہا تھا اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بارہا اصلاحی نوٹسز اور وارننگز کے باوجود بہتری نہ آنے پر قانونی کارروائی اور جرمانے کیے گئے۔ فوڈ پوائنٹس سے متعلق ریکارڈ اور ضروری دستاویزات بھی موجود نہیں پائی گئیں۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے واضح کیا کہ وفاق میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ممنوعہ اور ایکسپائر اشیاء کی فروخت مکمل طور پر ممنوع ہے، خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.