پاک فوج نے چمن اور کرم سیکٹرز میں افغان طالبان اور فتنۂ خوارج کے حملے ناکام بنا دیے
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 15 اکتوبر:
پاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک اور کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنۂ خوارج کے حملوں کو مؤثر جوابی کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان طالبان اور فتنۂ خوارج نے علی الصبح تین مختلف مقامات پر پاک فوج کی چوکیوں پر حملے کیے، تاہم پاک فوج کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے اپنے حملے کے دوران دیہات اور معصوم شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 افغان طالبان جنگجو مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہو کر فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنۂ خوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی جانب سے تباہ کر دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان نہ تجارت کے حامی ہیں اور نہ ہی عوامی آمد و رفت کے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات کرم سیکٹر میں بھی افغان طالبان اور فتنۂ خوارج نے حملے کی کوشش کی تھی، جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ اس جوابی کارروائی میں آٹھ دشمن پوسٹیں اور چھ ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیے گئے، جبکہ متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، کارروائی کے دوران امریکی ساختہ اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔ کرم سیکٹر میں اس وقت صورتِ حال پرامن ہے، تاہم اطلاعات کے مطابق سپن بولدک کے اطراف مزید افغان طالبان اور فتنۂ خوارج کے اکٹھے ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
Comments are closed.