نیب اور حکومت بلوچستان کا بڑا اقدام — 10 لاکھ ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی محکمہ جنگلات کے نام منتقل

15

خصوصی رپورٹ
کوئٹہ14 اکتوبر . نیب بلوچستان اور حکومت بلوچستان کی مشترکہ کوششوں سے 10 لاکھ 19 ہزار 969 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی محکمہ جنگلات کے نام منتقل کر دی گئی ہے، جس سے اربوں روپے کے قیمتی اثاثے قبضہ مافیا اور غیر قانونی استعمال سے محفوظ بن گئے۔

رپورٹ کے مطابق، پہلے مرحلے میں بلوچستان کے آٹھ اضلاع میں 6 لاکھ 5 ہزار 343 ایکڑ اراضی منتقل کی گئی، جس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1373 ارب روپے اور ڈی سی ویلیو 1334 ارب روپے ہے۔ یہ اقدام 1890 کے بعد پہلی بار سرکاری جنگلات کے قانونی تحفظ کی سب سے بڑی پیش رفت قرار دی گئی ہے۔

حکومت بلوچستان نے اس تاریخی کامیابی پر نیب بلوچستان کو تعریفی خط کے ذریعے شکریہ ادا کیا ہے، جس میں نیب کی نگرانی اور رہنمائی کے ساتھ بورڈ آف ریونیو بلوچستان کی مؤثر حکمت عملی اور انتظامی کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں زمینوں کے تنازعات کے حل کے لیے فارسٹ سیٹلمنٹ بورڈز اور فارسٹ ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں تاکہ مقامی قبائل اور برادریوں کے خدشات کو منصفانہ طور پر حل کیا جا سکے۔

حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ یہ کامیابی نیب بلوچستان اور بورڈ آف ریونیو کی مشترکہ کاوش، شفاف طریقہ کار، اور مسلسل رابطہ کاری کا نتیجہ ہے، جس سے صوبے کے قدرتی وسائل کے تحفظ میں ایک نیا باب رقم ہوا ہے۔

Comments are closed.