بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور یونیسیف کی کراچی میں سماجی رویوں میں تبدیلی کے حوالے سے ورکشاپ

27

کراچی (08 اکتوبر 2025): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) نے یونیسیف اور دیگر اہم شراکت داروں کے تعاون سے کراچی میں سماجی رویوں میں تبدیلی (Social Behaviour Change – SBC) کے حوالے سے مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد کم عمر بچوں اور نو عمر لڑکیوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اور عملی حکمتِ عملیوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل BISP جناب ذوالفقار شیخ نے ورکشاپ میں شرکت کی اور سماجی تحفظ کے پروگراموں میں سماجی رویوں کی تبدیلی کو شامل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے BISP کی معاشرے کے پسماندہ طبقات کی معاونت اور بینظیر نشوونما پروگرام کی خدمات کا ذکر کیا، جو رجسٹرڈ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور 6 سے 24 ماہ کے بچوں کو صحت اور غذائیت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ BISP کے موجودہ پروگراموں میں سماجی رویوں کی تبدیلی کی حکمتِ عملیوں کو مؤثر طور پر شامل کر کے ترقیاتی نتائج اور مجموعی فلاح و بہبود کو بہتر بنایا جائے۔

تقریب میں حکومتی اداروں، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ شرکاء نے گروپ ڈسکشنز اور انٹرایکٹو سیشنز کے ذریعے تجربات، شواہد اور معلومات کا تبادلہ کیا۔ ورکشاپ نے سماجی رویوں کی تبدیلی سے متعلق مواصلاتی حکمتِ عملیوں اور کمیونٹی کی شمولیت کو BISP کے موجودہ سروس ڈلیوری نظام سے ہم آہنگ کرنے میں مدد فراہم کی۔

یہ ورکشاپ پاکستان میں سماجی تحفظ کے پروگراموں کے اثرات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، تاکہ یہ پروگرام نہ صرف مالی معاونت فراہم کریں بلکہ ایسے مثبت رویوں کو فروغ دیں جو طویل مدتی خاندانی ترقی اور خود انحصاری کی بنیاد بن سکیں۔

Comments are closed.