چمن میں 11 اکتوبر کو تاریخی احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا، اصغر خان اچکزئی

23

چمن میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی دفتر میں گزشتہ روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ضلعی نائب امیر مولانا محمد ایوب نے کی۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکریٹری مالیات حاجی غوث اللہ اچکزئی نے خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں آل پارٹیز تاجر لغڑی اتحاد کے مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں، تاجر برادری، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 11 اکتوبر 2025 کو چمن میں ہونے والے ملی اولسی پاڅون (National People’s Uprising) کی حتمی تیاریاں کی گئیں۔

شرکاء نے مختلف تنظیمی کمیٹیاں تشکیل دی تاکہ احتجاج پر امن، مربوط اور کامیاب ہو۔ تمام شہریوں کو آل پارٹیز، تاجر لغڑی اتحاد اور سول سوسائٹی کی جانب سے باقاعدہ دعوت نامے دیے جائیں گے۔

اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ 11 اکتوبر کو چمن کے عوام سفید امن کے جھنڈے تلے متحد ہو کر سڑکوں پر نکلیں گے تاکہ وطن کے مسائل کے حل اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے ایک مشترکہ اور پرامن لائحہ عمل اپنایا جا سکے۔

شرکاء نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے سیاسی، مذہبی، لسانی، قبائلی اور ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک آواز بنیں اور اس تاریخی پرامن احتجاج کا حصہ بنیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور ریاستی ادارے احتجاج کو ناکام بنانے کی مختلف کوششیں کر رہے ہیں، لیکن یہ تاریخی احتجاج ہر صورت میں ہوگا۔

Comments are closed.