بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انشیٹیو کے تحت ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر سبی

میڈیا ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرے، عوامی مسائل کی نشاندہی انتظامیہ کے نوٹس میں لائی جائے — میجر (ر) الیاس کبزئی

17

سبی (عباس چشتی) ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انشیٹیو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے، جبکہ فیز 2 میں منظور شدہ منصوبوں پر بھی جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی پریس کلب میں زیر تعمیر ہال کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر میجر زبیر احمد، ایس ڈی او اربن پلاننگ محمد حنیف، اور پی ایس ٹو ڈی سی فہیم احمد قریشی بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کی آمد پر صدر پریس کلب حاجی سعیدالدین طارق اور دیگر عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔ میجر (ر) الیاس کبزئی نے زیر تعمیر ہال کا تفصیلی معائنہ کیا اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے پریس کلب کے دیگر حصوں کا بھی معائنہ کیا اور صحافیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا ضلعی ترقیاتی کاموں کی نگرانی کرے، اور اگر کسی منصوبے میں کوئی خامی نظر آئے تو فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اصلاح ممکن ہو سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلوچستان اسپیشل فنڈ کے تحت حاصل ہونے والی رقم سبی کے عوام کی تجاویز اور اجتماعی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔ کھلی کچہریوں میں عوام کی جانب سے بجلی، پینے کے صاف پانی اور صحت سے متعلق شکایات سامنے آئیں جن کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ سبی کے تقریباً 60 فیصد سرکاری اسکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سبی سٹی تھانہ، صدر تھانہ اور وومن پولیس اسٹیشن بھی مکمل طور پر سولر توانائی پر منتقل ہو چکے ہیں۔

میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ سبی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور پریس کلب شہر کے مسائل کو اجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، جو قابل تحسین ہے۔

Comments are closed.