گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ٹریڈ اینڈ کامرس گروپ کے زیر تربیت افسران کی ملاقات
پشاور، 8 اکتوبر (خصوصی رپورٹ ):
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ میں 31ویں اسپیشلائزڈ پروگرام کے تحت زیر تربیت ٹریڈ اینڈ کامرس گروپ کے افسران نے گورنر ہاؤس پشاور کا مطالعاتی دورہ کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افسران کا خیر مقدم کیا اور صوبے میں تجارت، سرمایہ کاری، قدرتی وسائل، معدنیات، آئل و گیس، سیاحت اور سرحدی تجارت کے فروغ سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، تاہم امن و استحکام ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی سرحدوں کو تجارتی لحاظ سے مؤثر بنانا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر صوبے کے سات تجارتی پاسز کھول دیے جائیں تو علاقائی اور عالمی تجارت میں انقلاب آ سکتا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے راستے وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر اور صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں زراعت سمیت مختلف اقتصادی شعبوں پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی، تاہم حکومت پُرامید ہے کہ موجودہ چیلنجز پر قابو پالیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ گورنر ہاؤس مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-افغان مارکیٹس کے قیام سے نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ اسمگلنگ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ طورخم سرحد ایک اہم تجارتی راہداری ہے لیکن یہاں کاروباری طبقے کو متعدد مسائل درپیش ہیں جن کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.