ڈیرہ مراد جمالی میں میونسپل کمیٹی کی نااہلی سے شہر جھیل کا منظر پیش کرنے لگا
نصیرآباد (رپورٹ: چھٹہ خان عمرانی)
ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ڈیرہ مراد جمالی میں میونسپل کمیٹی کی غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث شہر سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گیا ہے۔ گلیاں، سڑکیں، اور یہاں تک کہ قومی شاہراہ بھی جھیل کا منظر پیش کر رہی ہے، جبکہ دکانوں میں سیوریج کا پانی داخل ہونے سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو چکی ہیں۔
شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ مسلسل شکایات کے باوجود میونسپل کمیٹی کا عملہ غائب ہے، صفائی یا نکاسی آب کے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ سیوریج کے پانی کے باعث ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے اور ٹرانسپورٹر حضرات شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو گندے پانی اور تعفن کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی میر محمد صادق عمرانی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ میونسپل کمیٹی کی نااہلی کا فوری نوٹس لیا جائے، نکاسی آب کا نظام بحال کیا جائے اور متاثرہ تاجروں و شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
Comments are closed.