ایگریکلچر ریسرچ کالونی سریاب میں رورل ہیلتھ سینٹر ولیج ایڈ کا افتتاح — عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی، بخت کاکڑ

22

:عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ (7 اکتوبر) — صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان صحت کے شعبے میں بنیادی اصلاحات کے ذریعے عوام کو معیاری طبی سہولتیں ان کے دروازے پر پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ وہ ایگریکلچر ریسرچ کالونی سریاب میں رورل ہیلتھ سینٹر ولیج ایڈ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

تفصیلی خبر:
افتتاحی تقریب میں علاقے کے عمائدین، محکمہ صحت کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ اور حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ رورل ہیلتھ سینٹر کے قیام سے علاقے کے عوام کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور صحت کے نظام میں بہتری حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ زاہد اسپتال میں ٹراما سینٹر کا قیام بھی علاقے کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آئیں اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔

علاقے کے عوام نے رورل ہیلتھ سینٹر کے قیام پر صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ، حاجی علی مدد جتک اور حکومتِ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انہیں بنیادی صحت کی سہولتیں اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوں گی۔

Comments are closed.