بلوچستان میں لوکل گورنمنٹ مالی بحران کا شکار — استا محمد میں صوبائی وزیر فیصل جمالی کے ذاتی خرچ پر صفائی مہم کا آغاز

23

استا محمد (رپورٹ: عبداللہ مگسی):

محکمہ لوکل گورنمنٹ بلوچستان گزشتہ تین ماہ سے شدید مالی بحران کا شکار ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں میونسپل کمیٹیوں اور میونسپل کارپوریشنز کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔ تنخواہیں بند ہونے کے باعث عملے نے ہڑتال کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں بلوچستان کے بیشتر شہروں میں صفائی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

استا محمد شہر میں بھی گندگی اور کیچڑ کے ڈھیر لگ گئے تھے، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا تھا۔ اسی صورتحال کے پیشِ نظر صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردار زادہ میر فیصل خان جمالی نے اپنے ذاتی خرچ پر صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر لائیو اسٹاک کے اس ذاتی اقدام کے بعد شہر میں چوتھے روز بھی صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مرکزی شاہراہوں اور مختلف وارڈوں سے کچرے کے انبار ہٹائے جا رہے ہیں اور صفائی ستھرائی کا نظام تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔

پس منظر کے مطابق، گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی بندش کے باعث میونسپل اداروں کا عملہ کام سے رکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں صفائی کا عمل مکمل طور پر معطل ہو گیا تھا اور گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے شہری بیماریوں کے خطرات سے دوچار تھے۔

وزیر فیصل جمالی کے اس ذاتی اقدام کو عوام نے بھرپور سراہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی بروقت کوششوں سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی بحال ہو رہی ہے بلکہ صحت و صفائی کے حوالے سے عوام کو بڑا ریلیف حاصل ہوا ہے۔

Comments are closed.