جمالی قبیلے کے بزرگ رہنما میر حاجی رضا علی خان جمالی انتقال کر گئے

32

استا محمد (نمائندہ عسکر انٹرنیشنل) —
جمالی قبیلے کی ہر دلعزیز اور معزز شخصیت، بزرگ قبائلی رہنما میر حاجی رضا علی خان جمالی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ استا محمد کے قریب گوٹھ علی آباد جمالی میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی تدفین جمالی خاندان کے آبائی قبرستان روجھان جمالی میں کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں علاقے کے معتبرین، قبائلی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ شریک ہونے والوں میں جمالی اقوام کے چیف سردار محمد ہارون خان جمالی، سربراہ جمالی اقوام میر ذوالفقار خان جمالی، میر قطب الدین خان جمالی، اور میر عبدالخالق خان جمالی شامل تھے۔

مرحوم کا شمار نہ صرف جمالی قبیلے بلکہ بلوچستان اور سندھ کے بااثر قبائلی عمائدین میں ہوتا تھا۔ وہ ایک مدبر، بردبار اور ہم آہنگی کو فروغ دینے والی شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے ہمیشہ قبائل کے درمیان بھائی چارے، علاقائی ہم آہنگی اور عوامی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنایا۔

مرحوم میر نوریز خان جمالی کے بڑے بھائی تھے جبکہ وہ میر مظفر خان جمالی (میئر میونسپل کارپوریشن استا محمد)، میر فقیر بخش خان جمالی، اور میر محبوب خان جمالی کے والد تھے۔ اس کے علاوہ وہ جمالی اقوام کے سربراہ میر ذوالفقار خان جمالی اور سابق رکن صوبائی اسمبلی میر حیدر خان جمالی کے چچا تھے۔

میر حاجی رضا علی خان جمالی نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ قبائلی مسائل کے حل، عوامی بہبود اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے وقف کیا۔ ان کی قبائلی و سماجی خدمات کو بلوچستان و سندھ کے عوام مدتوں یاد رکھیں گے۔

ان کی وفات سے جمالی قبیلے سمیت پورے خطے کے قبائلی نظام میں ایک نمایاں خلا پیدا ہوا ہے جس کا پُر ہونا مشکل ہے۔ مرحوم کے انتقال پر سیاسی، قبائلی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی متعدد شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.