گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا اجلاس — دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچانے کا عزم

20

پریس ریلیز
گلگت، 06 اکتوبر

وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیرِ صدارت گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس اپیکس کمیٹی روم جٹیال، گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈر ایف سی این اے، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، انسپکٹر جنرل پولیس، ہوم سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں قاضی نثار احمد اور جسٹس ملک عنایت الرحمٰن پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے امن و امان کو کسی بھی قیمت پر خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ان واقعات میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیرِاعلیٰ حاجی گلبر خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں، تصادم سے گریز کریں اور امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ہر وقت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔

فورم نے سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت دی کہ دو سے تین ہفتوں کے اندر گلگت بلتستان میں چلنے والی تمام گاڑیوں کی ان کے مالکان کے نام پر رجسٹریشن مکمل کی جائے تاکہ شرپسند عناصر کی جانب سے گاڑیوں کے گمنام استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔

اجلاس میں شرکاء نے امن و امان برقرار رکھنے میں کردار ادا کرنے والے تمام مکاتبِ فکر، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون کے ساتھ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

Comments are closed.