تربت میں کیچ فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز، پروفیسر پرویز ہودبھائی مہمان خصوصی
تربت، 1 اکتوبر — ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں کیچ فیسٹیول کا شاندار آغاز ہوگیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، عوام اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ممتاز سائنسدان اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہودبھائی تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، مشیر کھیل و امور نوجوان مینا مجید، پارلیمانی سیکریٹری توانائی میر اصغر رند، پارلیمانی سیکریٹری فشریز حاجی برکت رند، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات زاہد سلیم اور کمشنر مکران قادر بخش پرکانی شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے بلوچی اشعار کے ساتھ تقریب کا آغاز کیا اور کہا کہ “کیچ کی سرزمین علم، فن اور ترقی پسند جدوجہد کی علامت ہے۔”
مہمان خصوصی ڈاکٹر پرویز ہودبھائی نے خطاب میں کہا کہ قوموں کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، ہمیں مادری زبان میں تعلیم کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ “عمارتیں نہیں بلکہ ادارے اور انسانوں پر سرمایہ کاری قوموں کو ترقی دیتی ہے۔”
سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کیچ کلچرل سینٹر ورثہ محفوظ رکھنے کی بہترین مثال ہے اور حکومت کو اس منصوبے کے دوسرے فیز کی تکمیل یقینی بنانی چاہیے۔
صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ کیچ فیسٹیول علم و ثقافت کے فروغ کا ثبوت ہے جبکہ خواتین کی بھرپور شرکت ان کے روشن مستقبل کی غمازی کرتی ہے۔
فیسٹیول میں مختلف سرکاری و نجی اداروں کی جانب سے بلوچی کشیدہ کاری، دستکاری، مقامی خوراک، موسیقی اور لوک رقص کے مظاہرے شامل تھے جنہوں نے شرکاء کو بلوچی ثقافت کے رنگوں سے روشناس کرایا۔
Comments are closed.