وزیراعلیٰ سندھ کی آسیان ممالک کو سرمایہ کاری کی دعوت، تعاون کی یقین دہانی

0

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنانڈیز کی قیادت میں آسیان ممالک کے سفیروں اور سفارت کاروں کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔

 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں انڈونیشیا، ملائیشیا، میانمار، تھائی لینڈ، ویتنام، برونائی دارالسلام اور فلپائن کے سفیروں سمیت اعلیٰ سفارتی و تجارتی نمائندوں نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزراء جام خان شورو، محمد بخش مہر، معاون خصوصی قاسم نوید اور چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ بھی موجود تھے۔

 

ملاقات میں سندھ اور آسیان ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری، تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ادویات سازی، آئی ٹی، توانائی، معدنیات، صنعت و پیداوار، لاجسٹکس اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، مضبوط اقتصادی شراکت داری اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ مشترکہ خوشحالی کے نئے راستے کھول سکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سندھ بالخصوص کراچی بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، صوبے کی جغرافیائی اہمیت، بندرگاہیں، صنعتی انفراسٹرکچر اور ہنرمند افرادی قوت سرمایہ کاری کے لیے بڑی کشش ہیں، سندھ حکومت بہتر طرز حکمرانی اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان 1949 سے دیرینہ دوستانہ سفارتی تعلقات قائم ہیں، تجارت، زراعت، ادویات سازی، تعلیم، دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دوطرفہ تجارت 50 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے، 19 فروری 2026 کو منیلا میں پاکستان فلپائن مشترکہ اقتصادی کمیشن کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، مشترکہ اقتصادی کمیشن نئے تجارتی مواقع کی نشاندہی اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

 

ملاقات کے دوران فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنانڈیز نے کہا کہ فلپائن کی حکومت دوطرفہ تجارت میں اضافے کی خواہاں ہے جبکہ آسیان ممالک کے سفیروں نے بھی سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

 

مراد علی شاہ نے کہا کہ زراعت اور غذائی تحفظ سندھ اور آسیان ممالک کے درمیان تعاون کے اہم شعبے ہیں، چاول کی تجارت، بیجوں کی ترقی، زرعی ٹیکنالوجی اور جدید کاشتکاری میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، ادویات سازی، صحت عامہ اور حلال فوڈ پروسیسنگ میں بھی غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

 

انہوں نے آسیان ممالک کی کمپنیوں کو سندھ کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور نجی شعبے کے اشتراک سے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکتا ہے، سیاحت، تعلیم، فنی تربیت اور ثقافتی تبادلوں میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ سرمایہ کاری کو ہدایت کی کہ آسیان ممالک کے ساتھ روابط اور سرمایہ کاری کے عمل میں سہولیات فراہم کی جائیں، غیر ملکی کمپنیوں کو سندھ میں سرمایہ کاری، صنعتی زونز اور کاروباری شراکت داریوں سے متعلق جامع معلومات دی جائیں۔

 

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سرمایہ کاروں اور متعلقہ محکموں کے درمیان ملاقاتوں اور رابطوں کا اہتمام کرے گی، نئے کاروبار شروع کرنے اور موجودہ کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے والی کمپنیوں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

 

حکومت، سفارتی مشنز اور کاروباری برادری کے مسلسل روابط سرمایہ کاری کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.