قائداعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کا آغاز (آج) سے ہوگا، سیالکوٹ میں 2سال بعد فرسٹ کلاس میچ کھیلا جائیگا
کوئٹہ/سیالکوٹ/فیصل آباد: اکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)قائداعظم ٹرافی کے دوسرے مرحلے کا آغاز پیر سے ہوگا، جہاں پانچویں رائونڈ کے میچز 28اکتوبر سے کوئٹہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں کھیلے جائیں گے۔ سنٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد،سدرن پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ،میزبان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں شروع ہوگا۔قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں رائونڈ کے دوران سیالکوٹ میں دوسال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ لائیو اسٹریم کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سنٹرل پنجاب سرفہرست، سدرن پنجاب دوسرے،سندھ چوتھے،ناردرن چھٹے نمبر پر موجود ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میں ربط برقرار رکھنے کے لیے قائداعظم ٹرافی کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا ۔ پہلے مرحلے میں 4رانڈز مکمل ہونے کے بعد قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا روانگی سے قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں آسٹریلیا کے خلاف 2میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ نومبر کے وسط میں شروع ہونے والی سیریز میں شامل قومی ٹیسٹ کرکٹرز قائداعظم ٹرافی کے پانچویں رائونڈ میں شرکت کے بعد برسبین روانہ ہوں گے۔ سیریز سے قبل قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل اظہر علی(سنٹرل پنجاب)، یاسر شاہ(بلوچستان)، کاشف بھٹی(سندھ)، نسیم شاہ(سنٹرل پنجاب)، عابد علی(سندھ)، شان مسعود (سدرن پنجاب)اور اسد شفیق(سندھ)آسٹریلیا روانگی سے قبل پیر سے شروع ہونے والے راونڈ کی صورت میں آخری بار قائداعظم ٹرافی میں شرکت کریں گے۔ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست سنٹرل پنجاب کا مقابلہ چوتھے نمبر پر موجود سندھ کی ٹیم سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں رائونڈ کے دوران سیالکوٹ میں دوسال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں شیڈول میچ میں سدرن پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔میزبان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے درمیان 4 روزہ میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ رواں سیزن کے دوران یہ کوئٹہ میں تیسرا میچ ہوگا۔ دونوں کپتانوں کی عدم موجودگی میں ٹیموں کی قیادت نائب کپتانوں کے سپرد کردی گئی ہے۔ حارث سہیل کی عدم موجودگی میں عمران فرحت بلوچستان کی قیادت کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی آسٹریلیا روانگی کے باعث صاحبزادہ فرحان خیبرپختونخوا کی کپتانی کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔