کرکٹ بورڈ کے بڑوں کے فیصلے کے سامنے بابر اعظم کی بھی نہ چل سکی
لاہور: دورہ آسٹریلیا کے لیے سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کو سکواڈ میں شامل نہ کیا گیا جبکہ بابر اعظم کی خواہش تھی کے دونوں سینئر کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں۔آسٹریلیا روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم بناتے ہوئے ان کی رائے ضرور لی گئی، البتہ سینئرز کو وہ ٹیم میں رکھنا چاہتے تھے، تاہم سلیکشن کمیٹی نے حتمی فیصلہ کیا۔اطلاعات کے مطابق مصباح الحق بھی محمد حفیظ اور شعیب ملک کو موقع دینا چاہتے تھے تاہم احسان مانی اور وسیم خان نے دونوں کھلاڑیوں کی سلیکشن نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔اس سے قبل شعیب ملک اور محمد حفیظ نے وسیم خان سے ملاقات کی، دونوں کھلاڑیوں کو وسیم خان نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے مصباح الحق کو کوئی ہدایت دینے کی بات میں حقیقت نہیں، وہ سلیکشن میں خود مختار ہیں۔ ساری صورتحال کے بعد جب ایک سابق کپتان نے دوبارہ مصباح الحق سے استفسار کیا تو چیف سلیکٹر نے دوبارہ پرانا موقف دہرایاکہ وہ کیوں حفیظ اور شعیب کو ٹیم سے الگ رکھنا چاہیں گے۔شعیب ملک اور محمد حفیظ 28اگست 2006ء کو پاکستان کیلئے پہلا ٹی 20 کھیلنے والی ٹیم کے اوپنرز تھے، شعیب ملک 111ٹی 20 اور محمد حفیظ 89بین الاقوامی ٹی 20 کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ شعیب ملک ٹی 20طرز میں 9000سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے چوتھے اور پاکستان کے واحد بیٹسمین ہیں۔دوسری جانب محمد حفیظ پاکستان کیلئے آخری چھ ٹی 20میں 243رنز اور آخری سیریز جو انہوں نے2018ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلی تھی، میں سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔