عسکری قیادت کی پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی کامیابی قومی فخر کا باعث ہے، ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور تیانگونگ خلائی سٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں، پاکستان کا انسانی خلائی سفر سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے پاکستان کے تاریخی خلائی مشن کی کامیابی میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک چین دوستی آج زمین کی حدود سے آگے خلا تک نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، پاکستان کی انسانی خلائی سفر میں شمولیت ملکی افرادی قوت، سائنسی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے استعداد کا مظہر ہے، پاکستان کا تاریخی خلائی مشن نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔
مسلح افواج نے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے کامیاب مشن اور بحفاظت زمین پر واپسی کے لئے نیک تمنائیں کا اظہار کیا ہے۔
