تمام سرکاری یونیورسٹیاں دو ہفتے کے اندر آن لائن کلاسز کا مختلف پہلو سے جائزہ لیکر مفصل رپورٹ پیش کریں،گورنر بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو خصوصی ہدایات

0 28

کو ئٹہ :  گورنربلوچستان امان اللہ خان یا سین زئی نے کہا ہے کہ جان لیوا کروناوائرس کی حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور حفظان صحت کے تمام اصولوں کو سختی سے عملدرآمد کرنے کی اشد ضرورت ہے. اس ضمن میں پاکستان ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ان لائن ٹیچنگ پالیسی کے تحت صوبے بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اکرام اور اسٹوڈنٹس کو اس بیماری سے بچاو کی خاطر آن لائن کلاسز کا اجراء کیا تاکہ اسٹوڈنٹس کے قیمتی وقت و توانائی بھی ضائع نہ ہو. گورنر یاسین زئی نے صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو خصوصی ہدایت دی کہ وہ دو ہفتے کے اندر آن لائن کلاسز کا مختلف پہلو سے جائزہ لیکر مفصل رپورٹ پیش کرے تاکہ تمام سامنے آنے والی شکایات کا بروقت اور فوری ازالہ ممکن ہوسکے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں صوبہ بلوچستان کی تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن، خضدار انجنئیرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان کاکڑ، ویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجم، لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ، لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصوداحمد، میرچاکرخان یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر علی نواز مینگل، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان نصراللہ جان اور بولان میڈیکل یونیورسٹی کے رجسٹرار شکیل احمد موجود تھے.وائس چانسلرز نے اجلاس میں عالمی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال، انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی، تمام دئیے گئے لیکچرز اور متعلقہ مواد تک طلبہ کی رسائی کو ممکن بنانے اور اسٹوڈنٹس کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنربلوچستان نے کہا کہ پوری دنیا میں زندگی کی تمام شعبوں کی طرح تعلیم کا شعبہ بھی شدید متاثر ہوا ہے تاہم آن لائن کلاسز کے بروقت اجراء سے طلباء وطالبات کا قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے کافی حد تک بچایا گیا ہے. گورنر یاسین زئی نے واضح کر دیا کہ ایک بات تو طے ہے کہ پل پل بدلتی دنیا کے ساتھ ہم دم اور ہم قدم رہنے کیلئے ہمیں اپنے روایتی رویوں اور سوچ واپروچ میں جدید انسانی ضرورتوں اور تقاضوں کے مطابق تبدیلی لانی ہوگی. انہوں نے کہا کہ آن لائن کلاسز کے حوالے سے بھی ہم موجودہ صورتحال کا نہ صرف بغور جائزہ لے رہے ہیں بلکہ درپیش مسائل کے پائیدار حل کیلئے سنجیدہ کاوشیں بھی کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.