اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کی موجودگی تک جنوبی لبنان جنگی علاقہ قرار دے دیا
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کی موجودگی تک جنوبی لبنان جنگی علاقہ قرار دے دیا ہے۔ العربیہ اردو کی رپورٹ کے مطابق سرحد پر لبنانی حزب اللہ اور اسرائیلی افواج کے درمیان جھڑپیں مسلسل جاری ہیں اور اس درمیان اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جب تک حزب اللہ یہاں موجود ہے جنوبی لبنان ایک جنگی علاقہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نےعربی زبان میں اپنی روزانہ کی بریفنگ میں کہا کہ جنوبی لبنان ایک جنگی علاقہ ہے اور جب تک حزب اللہ وہاں رہے گی اور حملے جاری رکھے گی تب تک وہ جنگی علاقہ رہے گا۔چند روز قبل اسرائیلی وزیر دفاع نے لبنانی حزب اللہ کو خبر دار کیا تھا کہ اگر کشیدگی میں ایک درجہ کا اضافہ کیا گیا تو اس کا جواب پانچ گنا ہو گا۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا تھا ہم اسرائیل کے شمالی علاقے جو لبنان کی سرحد کے قریب واقع ہیں، کے رہائشیوں کے انخلا کی اجازت نہیں دیں گے۔لیکن ان علاقوں میں واقع شہروں اور دیہاتوں سے 80 ہزار سے زیادہ اسرائیلیوں کے فرار ہونے کے بعد اسرائیل نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حزب اللہ کو اپنی سرحد سے دور دھکیلنا چاہتا ہے۔