عالمی عدالت انصاف نے میانمار کی 2017 کی کارروائی کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے ارادے پر مبنی قرار دے دیا
اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے 2017 میں فوجی آپریشنز کے دوران 10 ہزار روہنگیا مسلمانوں کے قتلِ عام کے مقدمے میں میانمار کو ’نسل کشی کے ارادے‘ کا مجرم قرار دے دیا ہے۔
نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع عالمی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے اس فوجی کریک ڈاؤن سے متعلق اپنا فیصلہ سنایا جس کے نتیجے میں 7 لاکھ 30 ہزار سے زائد روہنگیا، جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی، جان بچا کر ہمسایہ ملک بنگلادیش ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔
3 گھنٹے تک فیصلہ سناتے ہوئے عالمی عدالتِ انصاف کے صدر یوجی ایواساوا نے کہا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ میانمار کی فورسز نے تقریباً 10 ہزار روہنگیا افراد کو قتل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز نے ہزاروں روہنگیا شہریوں کو قتل کیا، وسیع پیمانے پر جنسی تشدد کا ارتکاب کیا، بچوں کے خلاف انتہائی سنگین تشدد کیا اور بڑی تعداد میں بنگلادیش فرار ہونے کی کوشش کرنے والے روہنگیا پناہ گزینوں پر بھی حملے کیے‘۔
انہوں نے جن مخصوص واقعات کا حوالہ دیا ان کے بارے میں عدالت نے قرار دیا کہ میانمار نے ’نسل کشی کے ارادے‘ کے ساتھ یہ کارروائیاں کیں۔
یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جس نے 2019 میں میانمار پر روہنگیا آبادی کو تباہ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا تھا۔
گیمبیا نے عالمی عدالتِ انصاف سے استدعا کی تھی کہ وہ فیصلہ دے کہ میانمار نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے، میانمار کو حکم دے کہ وہ روہنگیا افراد کو نشانہ بنانے والی تمام غیر قانونی سرگرمیاں بند کرے اور نسل کشی کے ذمہ داروں کو سزا دلوانے کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب میانمار نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کا کریک ڈاؤن پولیس چوکیوں پر ‘اراکان روہنگیا سالویشن آرمی’ کے جنگجوؤں کے حملوں کے جواب میں کیا گیا تھا۔
عالمی عدالتِ انصاف نے کہا کہ میانمار کی سکیورٹی فورسز کے وسیع پیمانے پر مظالم کے شواہد سے ’واحد معقول نتیجہ‘ یہی اخذ ہوتا ہے کہ ان کا ارادہ روہنگیا اقلیت کے ایک ’بڑے حصے‘ کو تباہ کرنا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ جب مسلح شہریوں نے فوجی مہم میں حصہ لیا تو میانمار کو اس بات کا علم ہونا چاہیے تھا کہ وہاں نسل کشی کا خطرہ موجود ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ’اس طرح میانمار نے نسل کشی کو روکنے کی اپنی ذمہ داری کی خلاف ورزی کی ہے‘۔
اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا بھر میں 13 لاکھ سے زائد روہنگیا اب بھی بے گھر ہیں، جن میں سے 12 لاکھ بنگلادیش کے علاقے کاکس بازار کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں۔
