روہنگیا مسلم نسل کشی پر میانمار کیخلاف عالمی عدالت کا تاریخی فیصلہ

0

عالمی عدالت انصاف نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے مقدمے میں میانمار کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تاریخی فیصلہ سنا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں قائم اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت نے جمعرات کو 9 کے مقابلے میں 6 ججوں کی اکثریت سے فیصلہ سنادیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میانمار حکومت نے اپنی ریاست رخائن میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرکے 1948 کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

عدالت کے سربراہ یوجی ایواسوا نے بتایا کہ ہزاروں روہنگیا شہریوں کے قتل، خواتین پر جنسی تشدد، بچوں سے انتہائی سفاکانانہ برتاؤکا اور بنگلادیش پناہ لینے کی کوشش کرنے والوں پر حملے کے شواہد ملے۔

اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے قرار دیا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز کی ان کارروائیوں کا مقصد روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو ختم کرنا تھا۔

فیصلے میں حکم دیا گیا کہ میانمار کو متاثرین کی بحالی، تباہ شدہ اجتماعی املاک کی واپسی، لاپتا افراد کی تلاش اور ان کی جسمانی و نفسیاتی بحالی کے اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

عالمی عدالت انصاف میں میانمار کے خلاف یہ مقدمہ مغربی افریقی ملک گیمبیا نے 2019 میں دائر کیا تھا۔ جس میں اُس وقت کی حکمراں آنگ سان سو چی بھی پیش ہوئی تھیں۔

میانمار حکومت نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اپنے اس فوجی آپریشن کو علیحدگی پسند مسلح تنظیم ’’اراکان روہنگیا سالویشن آرمی‘‘ کے حملوں کا جواب قرار دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.